اسلام آباد (بیوروچیف) ہسپتالوں اور مراکز صحت میں پیدائش اور وفات کی اطلاع کے ڈیجیٹل نظام نے کام شروع کر دیا ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر نادرا رجسٹریشن نظام میں بہتری اور خامیوں کو دور کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے ، صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے پیدائش اور وفات کے اندراج کی کارروائی اب زیادہ موثر، تیز اور شفاف بنادی گئی ہے۔وزیراعظم کی جانب سے یکم جنوری کو منظور کیے گئے نیشنل بائیومیٹرک اینڈ رجسٹریشن پالیسی فریم ورک پر کام جاری ہے اور پائلٹ پراجیکٹ کے تحت نادرا نے 50 سے زائد ہسپتالوں اور مراکز صحت میں جدید ترین نظام فراہم کردیا ہے۔ان ہسپتالوں میں اسلام آباد کا پمز، سی ڈی اے اور ایف جی ہسپتال، لاہور کا لیڈی ایچیسن ہسپتال، کوئٹہ، خیبرپختونخوا، آزاد جموں وکشمیر، گلگت اور سندھ کے متعدد ہسپتال اور مراکز صحت بھی شامل ہیں۔نئے نظام کی بدولت ہسپتال یا مرکز صحت میں پیدائش یا وفات کی اطلاع نادرا کو براہ راست موصول ہوتی ہے، نادرا والدین یا متوفی کے ورثا کو موبائل ایپ اور ایس ایم ایس کے ذریعے یونین کونسل میں اندراج کا پیغام بھجوائے گا۔خودکار نظام کے تحت اب تک ملک بھر میں پیدائش کی 4ہزار اور وفات کی 407 اطلاعات موصول ہوئیں، شہری نادرا کی موبائل ایپ پر یا قریبی یونین کونسل جا کر پیدائش یا وفات کا اندراج کرا سکیں گے۔پائلٹ پراجیکٹ کے تحت پنجاب کے تین اضلاع میں سہولت فراہم اور جلد پورے پنجاب میں میسر ہوں گی، صوبائی حکومتوں کی تیاری مکمل ہونے پر یونین کونسل میں اندراج کی سہولت بھی فراہم کر دی جائے گی۔




