پنجاب میں سپورٹس کے184منصوبوں پر کام جاری ہے،فیصل ایوب

لاہور (سپورٹس نیوز) صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھرنے کہا ہے کہ پنجاب سٹیڈیم کو اپ گریڈ کرکے عالمی معیار کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے، اسی طرح پاکستان کا جدید ترین اور عالمی معیار کا سکواش کمپلیکس تعمیر کے آخری مراحل میں ہے، جو جلد افتتاح کے لیے تیار ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے سپورٹس بورڈ پنجاب میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔سیکرٹری اسپورٹس پنجاب مظفر خان سیال نے صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کوصوبے بھر میں جاری اور نئے سپورٹس منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں اس سال 88 نئے سپورٹس منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 184 منصوبوں پر کام جاری ہے۔ان منصوبوں میں انٹرنیشنل معیار کے سپورٹس کمپلیکس، جمنازیمز، فٹبال گرانڈ، پیڈل ٹینس کورٹس، کرکٹ ہاکی گراونڈزاور دیگر سہولیات شامل ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاہم سپورٹس منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ہمارا مقصد صرف انفراسٹرکچر کی ترقی نہیں بلکہ پنجاب میں سپورٹس کلچر کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہے تاکہ وہ مثبت سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھرنے مزید کہا کہ پنجاب میں عالمی معیار کے درجنوں منصوبے تکمیل کے قریب ہیں، جو مستقبل میں پاکستان کی کھیلوں کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری میاں عثمان علی، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں