لوکل گورنمنٹ فنانس کمیشن تشکیل دینے کا فیصلہ

لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے لوکل گورنمنٹ فنانس کمیشن تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ کمیشن پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت قائم کیا جائے گا اور اسے اہم مالیاتی اختیارات حاصل ہوں گے۔ وزیر خزانہ پنجاب اس کمیشن کے چیئرمین ہوں گے جبکہ وزیر بلدیات کو چیئرمین کی غیر حاضری میں کو چیئرمین کے طور پر اجلاس کی صدارت کا اختیار ہوگا۔سپیکر پنجاب اسمبلی کی مشاورت سے چھ ارکان اسمبلی کو کمیشن میں شامل کیا جائے گا۔ محکمہ خزانہ، بلدیات اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے سیکریٹریز بھی اس کمیشن کا حصہ ہوں گے۔کمیشن میں مقامی حکومتوں اور مالیات کے چار ماہرین شامل کیے جائیں گے جن میں کم از کم ایک خاتون کی شمولیت لازمی قرار دی گئی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مقامی حکومت سے ایک سربراہ کو نامزد کریں گے جو کمیشن میں شامل ہوگا۔کمیشن ضرورت کے تحت کسی ماہر کو مشاورتی حیثیت میں شامل کر سکتا ہے تاہم مشاورتی رکن کو ووٹ دینے کا حق حاصل نہیں ہوگا۔ کمیشن کے فیصلے کسی نشست کے خالی ہونے یا ساختی نقص کی بنیاد پر غیر موثر قرار نہیں دیے جا سکیں گے۔اراکین کو حکومت کی جانب سے مقررہ معاوضہ اور الانسز دیے جائیں گے جن میں مدت کے دوران کمی نہیں کی جا سکے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں