لاہور (بیوروچیف) پنجاب بھر میں غیر قانونی اسلحہ کیخلاف بڑا کریک ڈائون شروع کر دیا گیا ہے۔ ایک ماہ کے اندر رضا کارانہ طور پر اسلحہ مقامی تھانوں میں جمع کرانیکی مہم کا آغاز کیا گیا ہے اور حکام نے وا ضح کیا ہے کہ جو لوگ خود مختارانہ طور پر اسلحہ جمع کرائیں گے ان کیخلاف قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ لائسنس یافتہ افراد کو بھی اپنے ہتھیار تھانوں میں رجسٹرڈ کروانیکی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پولیس نے ابتک غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے 45 مقدما ت درج کر دیے ہیں۔ شہر کے اسلحہ ڈیلرز کی میپنگ اور ان کی سکروٹنی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ڈیلرز کے پاس موجود ہتھیار اور گولیاں لائسنس کے مطابق چیک کی جائیں گی۔ حکام نے بتایا ہے کہ جرائم کا 80 فیصد سے زائد حصہ غیر قانونی اسلحہ سے جڑا ہوا ہے اور ڈکیتیاں، قتل اور دیگر سنگین جرائم میں غیر قانونی ہتھیار کثرت سے استعمال ہوتے ہیں۔ اسلحہ کی ویریفیکیشن میں ہوم ڈپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ ادارے شامل ہوں گے۔




