سرگودہا (بیورو چیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تحصیل کوٹ مومن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سروے کی پیشرفت، فلڈ اسیسمنٹ کیمپ سائٹ کے انتظامات اور ایم ڈی کیٹ امتحان کے انعقاد بارے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔کمشنر کو بتایا گیا کہ کوٹ مومن کے سیلاب متاثرہ 41 دیہاتوں میں 25 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، جنہوں نے حکومت کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن سے قبل ہی تمام سروے مکمل کر لیا۔ سروے میں مکانات، جانوروں اور فصلوں کے نقصانات کی تفصیلات شامل ہیں۔ٹیموں کی رپورٹس موصول ہو چکی ہیں جن کی تصدیق کا عمل اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن اور ڈپٹی کمشنر کی سطح پر جاری ہے۔ مزید بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعلان کردہ امدادی پیکج کی تقسیم کے لیے کیمپ سائٹ کا انتخاب لیا گیا ہے۔ بینک آف پنجاب کو متاثرین کے اے ٹی ایم کارڈ موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں جیسے ہی بینک کو ہیڈ آفس سے ہدایت موصول ہوں گی ادائیگیوں کا عمل کیمپ سائٹ پر شروع کر دیا جائے گا۔




