سڑکوں کی تعمیر اور بحالی شہریوں کی سہولت سے جڑی ہوئی ہیں،کمشنر سرگودھا

سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ہائی وے سیکٹر کی ترقیاتی اسکیموں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع سرگودہا میں جاری منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں تقریباً 32 ارب روپے لاگت کی 27 سڑکوں کی سکیموں پر کام جاری ہے۔ موجودہ مالی سال کے دوران 1 ارب 37 کروڑ روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔ اے ڈی پی کی چار جاری اور 14 نئی سکیموں سمیت بحالی پروگرام (فیز ٹو اور تھری) کی آٹھ سکیموں اور پی ایس ڈی پی کی ایک سکیم پر بھی کام تسلسل سے جاری ہے۔ کمشنر سرگودہا نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر اور بحالی شہریوں کی سہولت سے جڑی ہوئی ہے اس لیے معیار پر ہر صورت مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام سکیموں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے، سست روی کی کوئی گنجائش نہیں اور موقع پر کام کا بار بار جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر منصوبہ عوامی امانت ہے اور اسے شفافیت کے ساتھ وقت پر مکمل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ایس ای ہائی وے رانا عابد علی، ایکسین ہائی ویز ملک گلفام اعوان اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں