سرگودہا (بیوروچیف) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودہا کے بورڈ آف گورنرز کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرپرسن و مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کی۔ اجلاس میں بورڈ کے ممبران سیکرٹر ی محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان، عبدالجبار شاہین، ڈاکٹر شجاعت علی، میڈم پروین قادر آغا، کرنل (ر) افتخار الحسن، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر وارث فاروقہ اور کوآپریٹو ممبران ڈاکٹر ہارون جمیل اور ڈاکٹر اظہر رشید نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری قانون اور سیکرٹری پلاننگ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں شرکاء کا تعارف کرایا گیا اور 13 نکاتی ایجنڈا پیش کیا گیا۔ اجلاس میں ادارے کے نوٹیفکیشن اور قانونی حیثیت کی توثیق، انسٹی ٹیوٹ کے ڈین، ڈائریکٹر، میڈیکل ڈائریکٹر، نرسنگ ڈائریکٹر اور فنانس ڈائریکٹر کی تقرری کی منظوری دی گئی۔ بی او جی میں ایچ آر، انتظامی اور مالیاتی امور سے متعلق تجاویز منظور کی گئیں۔ ادارے کے بنک اکاؤنٹس کھولنے، ضروری عملے کی بھرتی، رولز اینڈ ریگولیشنز کی تیاری، یوٹیلٹی اور فنانشل معاملات کی منظوری دی گئی۔ بورڈ میں ادارے کیلئے اسٹیبلشمنٹ اور انسٹی ٹیوشنل فنڈز کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں ایچ آر، فنانس کمیٹی اور پراجیکٹ امپلمنٹشن کمیٹی بھی بنائی گئیں۔چیئرپرسن میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے اس موقع پر کہا ہے کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودہا خطے کے عوام کو عالمی معیار کی صحت سہولیات فراہم کرے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صحت عامہ میں حقیقی اصلاحات کیلئے پرعزم ہیں اور یہ ادارہ انہی اصلاحات کا عملی مظہر ہے۔




