ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست ریلیف وژن کے تحت ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر عمر میلہ کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکنامکس اینڈ مارکیٹنگ زاہد شریف نے اجلاس میں بریفنگ دی۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 59ہزار 612انسپیکشنز کیں اور گرانفروشی کرنیوالوں پر مجموعی طور پر 4لاکھ 43ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ آٹے کی 3522انسپیکشنز کے دوران گرانفروشی پر 7 ہزار 500 روپے، چینی کی 2914 انسپیکشنز کے دوران 81 ہزار روپے اور روٹی کی 2260 انسپیکشنز کے دوران 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے ہدایت کی کہ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ مارکیٹوں کے دورے یقینی بنائیں اور عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ریلیف وژن کے مطابق عوام کو ریلیف دینا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔




