ڈرامہ جمع تقسیم میں کام کر کے ایک نیا تجربہ حاصل ہوا’ ماورا حسین

کراچی (شوبز نیوز) اداکارہ ماورا حسین نے کہا ہے کہ ڈراما جمع تقسیم کی شوٹنگ کے آغاز کے وقت ان کی شادی کو صرف 10 دن ہوئے تھے، اس لیے وہ نئی نویلی دلہن لیلی کے جذبات کو بخوبی سمجھ سکتی تھیں۔ماورا حسین ان دنوں مقبول ڈراما سیریل جمع تقسیم میں لیلی کا کردار ادا کر رہی ہیں، جو کہ مشترکہ خاندانی نظام کی تلخ حقیقتوں کو بخوبی پیش کرتا ہے۔یہ ڈراما ناظرین کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے کیونکہ اس میں ہر کردار کی اپنی ایک الگ کہانی ہے، جس میں ہر فرد خود کو کسی نہ کسی صورت میں دیکھ سکتا ہے۔ماورا حسین نے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنے کردار لیلی کے حوالے سے گفتگو کی۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے لیلی سے بہت کچھ سیکھا ہے، خاص طور پر یہ کہ انسان دوسروں سے اختلاف کر سکتا ہے بغیر ان سے بدتمیزی کیے۔ماورا حسین نے وضاحت کی کہ ڈرامے میں لیلی کو ایک نرم مگر مضبوط شخصیت کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جو اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی ہے لیکن کبھی بھی بدتمیزی نہیں کرتی۔انہوں نے بتایا کہ انہیں یہ سیکھنے کا موقع بھی ملا کہ انسان کو کبھی بھی زیادہ جذباتی نہیں ہونا چاہیے بلکہ سمجھ بوجھ سے اپنے نقطہ نظر کو پیش کرنا چاہیے، حالانکہ کچھ مواقع پر وہ چاہتی تھیں کہ لیلی زیادہ جذباتی ردعمل دیتی، خاص طور پر اس وقت جب شادی کے اگلے دن اس سے لباس بدلنے کو کہا جاتا ہے، لیکن پھر ہدایت کار نے انہیں سمجھایا کہ یہ کہانی ان کے بارے میں نہیں ہے بلکہ یہ معاشرے کی کئی لڑکیوں کی کہانیوں کی عکاسی کرتی ہے جو ایسی صورتحال سے گزرتی ہیں۔ماورا حسین نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ ان کی شادی کے صرف دس دن بعد ڈرامے کی شوٹنگ شروع ہوگئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں