اپنے بیٹے فیصل قریشی کے اسٹار بننے پر بہت خوشی ہوئی۔ افشاں قریشی

لاہور (شوبز نیوز) سینئر اداکارہ افشاں قریشی نے کہا ہے کہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی خوشی ان کے بیٹے فیصل قریشی کا اسٹار بننا تھا جب کہ سب سے بڑا دکھ ان کے شوہر کا جوانی میں انتقال کر جانا تھا۔افشاں قریشی نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اگرچہ انہیں فلموں میں کام کرنے کی پیش کش پہلے ہوئی تھی لیکن انہوں نے ٹیلی وژن سے کیریئر کا آغاز کیا۔انہوں نے بتایا کہ وہ فلم کرنے کے لیے کراچی سے لاہور بھی چلی گئی تھیں لیکن وہاں سے ان کے ہونے والے شوہر عابد قریشی اچانک کراچی چلے آئے، جس وجہ سے ان کا دل بھی وہاں نہ لگا اور وہ فلم کی شوٹنگ سے قبل ہی واپس آگئیں اور کئی ماہ تک فلم ساز انہیں تلاش کرتا رہا لیکن وہ نہ گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے کیریئر کا آغاز کیا اور مرحوم عبدالکریم بلوچ نے انہیں پہلا موقع دیا جو انہیں شمیم آرا کا ہم شکل قرار دیتے تھے۔افشاں قریشی کے مطابق پی ٹی وی پر کام کرنے کے بعد ہی وہ فلمی ہیروئن بنیں اور ایک فلم کے دوران ہی انہیں عابد قریشی سے محبت ہوئی، جس کے بعد دونوں نے شادی کرلی۔اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والد نے عابد قریشی کو رشتہ دینے سے انکار کردیا تھا اور کہا تھا کہ وہ میمن ہیں، وہ بیٹی کا رشتہ دوسری برادری میں نہیں دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں