کمالیہ(نامہ نگار)سردی کی آمد کیساتھ ہی کمالیہ میں کھدر سے تیار کی جانے والی چادروں اور شالوں کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے ۔ شہری سردی کی شدت سے بچنے کے لیے گرم شالوں اور چادروں کی خریداری کے لیے کھدر مارکیٹ کا رخ کر رہے ہیں۔کمالیہ میں روایتی دستی کھڈیوں پر مرد و خواتین کے لیے تیار کی جانے والی کھدر کی شالیں اور چادریں نہ صرف مقامی سطح پر مقبول ہیں بلکہ ملک بھر میں بھی ان کی بھرپور مانگ ہے ۔ خاص طور پر آن لائن آرڈرز کے ذریعے بھی شہر ی بڑی تعداد میں یہ مصنوعات خرید رہے ہیں۔ان شالوں اور چادروں کی خاص بات ان میں استعمال ہونے والا مقامی کپڑا اور دستکاری کا اعلی معیار ہے ، جس کے باعث یہ دیگر شہروں کی مصنوعات سے منفرد مقام رکھتی ہیں۔ مقامی شہری سردی کے دوران خود استعمال کے ساتھ ساتھ ان شالوں کو تحفے کے طور پر اپنے عزیز و اقارب کو بھی بھیجتے ہیں۔کمالیہ کی یہ روایتی دستکاری نہ صرف درجنوں گھروں کے لیے روزگار کا ذریعہ بن رہی ہے بلکہ شہر کی ثقافتی پہچان میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔




