کمالیہ(نامہ نگار)کمالیہ کے نواحی گائوں موضع گھلے کے بگھیلے میں گھڑ ڈانس مقابلہ جات کا شاندار انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ بھر سے گھڑ مالکوں نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصو صی مسلم لیگ ن کے رہنما سردار راحیل انور، پاکستا ن مسلم لیگ ن تحصیل کمالیہ کے نائب صدر محمد علی خان کھرل، سابق صدر کمالیہ بار مہر فتح شیر بگھیلا ایڈووکیٹ، عابد صدیق کمبوہ، صدیق اعوان اور علی موہل تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار راحیل انور، محمد علی خان کھرل اور دیگر مقررین نے کہا کہ گھڑ ڈانس پنجاب کی شاندار ثقافت کا اہم حصہ ہے اور دیہی عوام کے لیے یہ تفریح کا بہترین اور سستا ذریعہ ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے روایتی کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ چھوٹے علاقوں میں شہریوں کو تفریح کے مزید اور بہتر مواقع مل سکیں۔آخر میں مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے گھڑ مالکان میں کیش پرائز اور دیگر انعامات تقسیم کیے گئے ۔




