اعصام الحق کا ٹینس کی ترقی کیلئے مستقبل کے منصوبوں کا اعلان

اسلام آباد (سپورٹس نیوز) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق نے کہا ہے کہ پاکستان رواں ماہ پہلی بار اے ٹی پی چیلنجرز ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے کہا کہ یہ ایونٹ 24 نومبر سے اسلام آباد میں منعقد ہوگا جو پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے، اس سے دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے بعد ٹینس وہ دوسرا کھیل بن چکا ہے جس میں سب سے زیادہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کریں۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر نے مزید کہا کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ٹینس کی ترقی کے لیے مثبت رسپانس دیا ہے اور پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس کی لیز کا مسئلہ بھی حل ہوگیا ہے۔اس سلسلے میں محسن نقوی کے خصوصی شکر گزار ہیں۔اعصام الحق نے بتایا کہ جونیئر پلیئرز کو پروموٹ کیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ میکائل علی بیگ نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے جبکہ شایان آفریدی نے انڈر 12 اور میکائل بیگ نے انڈر 16 کے مین رانڈ کیلیے کوالیفائی کیا ہے۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کا مستقبل تابناک ہے اور ہم گرینڈ سلیم میں ان کی شمولیت کے لیے پرامید ہیں۔اعصام الحق نے بتایا کہ رواں سال ہم نے پانچ انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کروائے اور بارہ ٹیمیں بیرون ملک بھجوائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں