ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن بچوں سے مشقت نہیں، تعلیم ہمارا مشن کے تحت ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر محمد شہباز نے مختلف بھٹہ جات کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران بھٹہ جات پر چائلڈ لیبر کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دورے کے دوران ایک بھٹہ پر کم عمر بچوں سے مشقت کروانے کی تصدیق ہونے پر متعلقہ بھٹہ مالک کے خلاف تھانہ رجانہ میں ایف آئی آر درج کروائی گئی۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ حکومتِ پنجاب کے ویژن کے مطابق چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ایسے تمام عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو بچوں سے مشقت کروا کر ان کے بنیادی حقوق پامال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو تعلیم، تحفظ اور روشن مستقبل دینا ہی حکومتِ پنجاب کا عزم ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ محکمے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔




