فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن سکیم کے بارے میں برآمد کنندگان کے مسائل کی نشاندہی اور اُن کے حل کیلئے قابل عمل سفارشات اور تجاویز پیش کرنے کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے پلیٹ فارم سے سب کمیٹی قائم کی جائے گی۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر کے صدر فاروق یوسف شیخ نے ای ایف ایس بارے آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ فیصل آباد ڈاکٹر رضوان بشارت اور اُن کی ٹیم نے بھی شرکت کی۔ فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ حکومت برآمدات کو 60 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتی ہے اس مقصد کیلئے متعارف کرائی جانے والی ای ایف ایس سے خاطر خواہ اضافہ ہوا مگر حکومت کو حالات کے مطابق اس سکیم میں ترامیم کرنا پڑیں، جس سے بعض مسائل پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر حکومت اور صنعتوں کے درمیان اچھے تعلقات کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ اپنے مسائل بمعہ قابل عمل تجاویز چیمبر کو تحریری طور پر ارسال کریں تاکہ اُن کے حل کیلئے متعلقہ پلیٹ فارم پر کوششیں کی جا سکیں ۔




