عوام کو معیاری اور مفت ادویات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیح ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ(نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت عوام کو معیار ی صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو)اسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایمرجنسی وارڈ ، سرجیکل وارڈ، میڈیکل وارڈ اور دیگر شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے مریضوں کی تیمارداری کی اور ان سے علاج، ادویات اور سہولیا ت کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مریضو ں کے مسائل بغور سنے اور موقع پر ہی متعلقہ عملے کو ہدایات جاری کیں۔عمر عباس میلہ نے فارمیسی کا بھی دورہ کیا اور ادویات کی دستیابی، معیار اور ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور مفت ادویات کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے، کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے ٹراما سنٹر اور برن یونٹ کے زیرِ تعمیر وارڈز کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور شفافیت کے تمام تقاضے ہر صورت پورے کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر کے معیار پر کسی قسم کا کمپرومائز قبول نہیں کیا جائے گا۔عمر عباس میلہ نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صفائی، نظم و ضبط اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی کو یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں