حکومت پنجاب تمام کسانوں کو میرٹ پر ٹریکٹر فراہم کررہی ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں وزیراعلی پنجاب کے گرین ٹریکٹر پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت کامیاب کاشتکاروں میں ٹریکٹرز تقسیم کیے گئے۔ تقریب ضلع کونسل ہال ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں محکمہ زراعت(توسیع)کے زیر اہتما م منعقد ہوئی۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ، مسلم لیگ ن کے رہنما میاں محمد رفیق، سردار مسعود احمد خان گادھی ، چوہدری حارث امجد اور سردار راحیل انور نے قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب ہونے والے کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی چابیاں فراہم کیں۔تقریب میں محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر خالد محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر نوشیر علی خان اور دیگر افسران، ٹریکٹر مینوفیکچر کمپنیوں کے نمائندگان و ڈیلرز اور کاشتکار بھی موجود تھے۔ڈائریکٹر زراعت نے بتایا کہ حکومت پنجاب تمام کسانوں کو میرٹ اور شفاف طریقے سے ٹریکٹر فراہم کر رہی ہے اور گرین ٹریکٹر کے حصول کے لیے ذمینداروں نے آن لائن اپلائی کیا، جس کے بعد ڈیجیٹل قرعہ اندازی کی گئی۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 209 گرین ٹریکٹرز کامیاب کاشتکاروں کو دیے جا رہے ہیں، جبکہ ہر ٹریکٹر پر حکومت پنجاب کی جانب سے لاکھ روپے سبسڈی دی گئی ہے۔میاں محمد رفیق نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے انقلابی اقدامات کا مقصد کسانوں کو خوشحال بنانا اور زرعی شعبہ کو فروغ دینا ہے، اور ان کی مثبت پالیسیوں کے اثرات واضح طور پر سامنے آ رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے کہا کہ گرین ٹریکٹر پروگرام حکومت پنجاب کا شاندار اقدام ہے، اور ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے میں زرعی شعبہ کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی بوائی جاری ہے اور گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت فراہم کیے گئے جدید ٹریکٹرز کاشتکاروں کی پیداوار بڑھانے اور زرعی کام آسان بنانے میں مدد کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں