ووٹرز ،پولنگ عملے اور انتخابی سامان کی حفاظت اولین ترجیح ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفس فیصل آباد میں آر پی او فیصل آباد ذیشان اصغر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں قومی و صوبائی حلقوں این اے 96، این اے 104، پی پی98، پی پی 115اور پی پی 116کے ضمنی انتخابات کے لیے سیکیورٹی انتظاما ت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ایس پی پی ایس سی اے اور مدینہ، لائل پور، اقبال اور جڑانوالہ ڈویژن کے ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔آر پی او ذیشان اصغر نے تمام پولنگ اسٹیشنز پر فول پروف اور مضبوط سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ووٹرز، پولنگ عملے اور انتخابی سامان کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں کمیونیکیشن پلان، ٹرانسپورٹ کے انتظامات، تعینات پولیس اہلکاروں کے لیے کھانے کی فراہمی اور پولنگ ڈے پر سیکیورٹی صورتحال کی نگرانی کے لیے کنٹرول روم کے قیام کا بھی جائزہ لیا گیا۔آر پی او ذیشان اصغر نے اس بات پر زور دیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا اور کسی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس ضمنی انتخابات کے لیے ایک پرامن، محفوظ اور شفاف ماحول فراہم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں