ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت کھیلوں کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ سرگرم عمل ہے۔ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے تحصیل گوجرہ کے انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں من و وومن ہاکی لیگ کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر چوہدری محمد ریاض، سی ای او ایم سی یاسر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد جمیل اور ڈپٹی ٹریکٹر کالجز بھی موجود تھے۔ سابق ہاکی پلیئر لیاقت علی بھٹہ اور چیئرمین ہاکی اکیڈمی گوجرہ اسرا لیاقت بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ ہاکی لیگ کے آرگنائزر خاور جاوید اور شائقین کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کر کے تقریب کو رونق بخشی۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا کہ کھیلوں کو فروغ دینا نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی، جو پاکستان کا قومی کھیل ہے، سمیت دیگر کھیلوں کے لیے سہولیات کی فراہمی اور مسابقتی لیگوں کا انعقاد نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کی ٹیکنیک سیکھنے اور اپنی مہارت بہتر بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔




