ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت محکمہ لائیو سٹاک کے فیلڈ سٹاف کی کارکردگی اور استعداد بڑھانے میں اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ دیہی علاقوں میں مویشی پال کسانوں کو بروقت اور موثر علاج فراہم کرنے کے لیے 33 ویٹرنری افسران کو نئی موٹر بائیکس فراہم کی گئی ہیں، تاکہ فیلڈ ورک کی رفتار بڑھے اور کسانوں کو فوری سہولیات میسر آئیں۔تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر رکن صوبائی اسمبلی چوہدری امجد علی جاوید اور کرنل ریٹائرڈ سردار ایوب خان گادھی نے شرکت کی اور افسران کو بائیکس کی چابیاں دیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر حنا ظفر بھی موجود تھے۔چوہدری امجد علی جاوید نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف دیہی علاقوں میں مویشی پال کسانوں کو گھر کی دہلیز پر فوری علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ سٹاف کو موٹر بائیکس فراہم کرنا اسی وژن کا حصہ ہے، جس سے کسانوں کو علاج کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔




