ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے سیلاب بحال پروگرام ”آپکا حق، آپ تک”کے تحت ٹوبہ ٹیک سنگھ میں متاثر ین کے لیے امدادی سرگرمیاں تسلسل سے جاری ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے اسپورٹس کمپلیکس پیرمحل میں بحالی کیمپ کا دورہ کر کے رجسٹریشن، امدادی فراہمی اور تمام انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پیر محل وقاص ظفر بھی ہمراہ تھے۔کیمپ میں متاثرین کی رجسٹریشن اور امدادی فراہمی بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے کی جا رہی ہے، جبکہ حقیقی حقداروں تک امداد پہنچانے کے لیے سخت مانیٹرنگ جاری ہے۔ خواتین، بزرگ اور معذور افراد کے لیے خصوصی کیش کاونٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ کیمپ میں صفائی، پینے کے پانی، پارکنگ اور سیکیورٹی کے بہترین انتظاما ت کیے گئے، شیڈز، گائیڈنس پوائنٹس اور سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تاکہ متاثرین کی سہولت یقینی بنائی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے سائلین سے امدادی عمل اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں براہِ راست دریافت کیا اور کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی باعزت بحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امدادی عمل میں کسی بھی غفلت یا کوتاہی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے پیرمحل سپورٹس اسٹیڈیم کی زیر تعمیر صورتحال کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ تعمیراتی کام بہترین معیار کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے۔




