4

دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ ہماری معاشرتی مزاج کا لازمی جزو ہے

لاہور(بیورو چیف)جنرل ہسپتال میں مخیر حضرات کے مالی تعاون سے تین (3)نئے آر او (Reverse Osmosis)واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کر دیے گئے ہیں۔ ان جدید پلانٹس کے ذریعے ہسپتال میں زیرِ علاج مریضوں، ان کے لواحقین، ملازمین اور رہائشی کالونی میں مقیم افراد کو ہر وقت صاف، صحت بخش اور معیاری پینے کا پانی دستیاب ہوگا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے اس اقدام کو انسانی صحت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی، سرجیکل بلاک،(فیز ون )آٹ ڈور و انڈور میں پلانٹس کی تنصیب سے روزانہ کی بنیاد پر 30 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے، جس سے ہسپتال کی بنیادی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔اس موقع پر پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے نئے نصب شدہ واٹر فلٹریشن پلانٹ سے پانی پی کر معیار چیک کیا ۔ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، پروفیسر ارشد رانا،پروفیسر خرم سلیم،پروفیسر عباد الرحمن، ڈاکٹر محمد الیاس،محمد ادریس رانا،ڈاکٹر عبدالعزیز سمیت ہیلتھ پروفیشنلز بھی تقریب میں موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو میں پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر فاروق افضل اور ایم ایس،ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے مخیر حضرات کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز میں اہلِ ثروت اور دردِ دل رکھنے والے افراد کی کبھی کمی نہیں رہی، جو دکھی انسانیت کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔انہوں نے صاف پانی کی فراہمی کو بنیادی انسانی حق قرار دیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں