فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر نویداکرم شیخ نے قائمہ کمیٹی برائے آرٹ اینڈ کلچر کی طرف سے رواں سال کو امن کیلئے وقف کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں کمیٹی سے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ وہ اس قائمہ کمیٹی کے پہلے تعارفی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں کمیٹی کے کنونیئر ڈاکٹر جعفر حسن مبارک کے علاوہ آرٹ اور کلچر سے منسلک ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اور آرٹ اینڈکلچر کے شعبہ کے تعلقات بہت قدیم ہیں جس سے سماجی، معاشی اور معاشرتی عمل کے ساتھ ساتھ تہذیب اور ثقافت کو بھی پروان چڑھانے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے صنعتکاروں نے جہاں اپنے لئے کمایاوہاں انہوں نے اس شہر میں آرٹ اور کلچر کے فروغ کیلئے بھی گرانقدر خدمات سر انجام دیں تاہم اب فیصل آباد چیمبر اس رسم کو آگے بڑھانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس قائمہ کمیٹی کے حوالے سے ہر وقت حاضر ہیں تاکہ شہر کی جامع ترقی کیلئے مل جل کر کام کیا جا سکے۔ قائمہ کمیٹی کے کنونیئر ڈاکٹر جعفر حسن مبارک نے کہا کہ کبھی اس شہر کو لالچ اور لٹھے اورکبھی کھڈی اور کھدر کا نام دیا گیا مگر حقیقت یہ ہے کہ یہ شہر دل والوں کا شہر ہے ۔ قیام پاکستان کے وقت لائل پور کاٹن ملز اس شہر کی تہذیب و ثقافت کا محورو مرکز تھی۔




