ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بلدیاتی سروسز اور بیوٹیفیکیشن کے معیار کو بلند کرنے کیلئیعملی اقدامات جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنرز، چیف آفیسر ضلع کونسل، چاروں تحصیلوں کی میونسپل کمیٹیز کے چیف آفیسرز، ستھرا پنجاب پروگرام کے فوکل پرسنز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ جات کے سربراہان نے بلدیاتی سروسز اور بیوٹیفیکیشن کے جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمالیہ اقبال بازار میں انڈر گراونڈ بجلی کے تاروں کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ صدر اور کمیٹی بازار میں اس کام پر تیزی سے عمل جاری ہے۔ضلع بھر میں پارکوں کی بحالی، پلے ایریاز، اوپن لائبریریز، روشنی کے انتظامات، جھولوں کی تنصیب، واکنگ ٹریکس کی بہتری، پودوں کی کٹنگ اور نئے پھولدار پودوں کی شجرکاری کے کام بھی جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی اور بیوٹیفیکیشن منصو بے مقررہ مدت میں اور اعلی معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔




