ساہیوال (بیورو چیف)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فرید کالونی میں رات گئے بڑی کارروائی – 3 ہزار کلو مضر صحت گوشت تلف، 4 ایف آئی آرز درج۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز اور ڈپٹی ڈائریکٹر کی زیرِ نگرانی عارف روڈ، محلہ قصاباں فرید کالونی میں رات کی تاریکی میں چار غیرقانونی سلاٹر ہاؤسز پر چھاپے مارے گئے۔ چیکنگ کے دوران معلوم ہوا کہ کچھ عناصر بیمار جانوروں کا گوشت تیار کر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کر رہے تھے۔ ٹیموں نے کارروائی کے دوران موقع سے تقریباً 3,000 کلوگرام ناقص، بدبود ا ر اور انسانی صحت کے لیے مضر گوشت برآمد کیا، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ مذکورہ کارروائیوں کے نتیجے میں چاروں مقامات پر ملوث افراد کے خلاف تھانہ غلہ منڈی میں ایف آئی آرز درج کروا دی گئیں جبکہ گوشت سپلائی میں استعمال ہونے والی ایک گاڑی بھی ضبط کر لی گئی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی انسانی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔




