ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کیلئے طلبہ کو7لاکھ کروم بکس فراہم کرنیکا اعلان

اسلام آباد(بیورو چیف)وفاقی حکومت نے ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے پاکستان بھر میں طلبہ کو 7لاکھ کروم بکس فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا اور انہیں ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے، کروم بکس کے ذریعے طلبہ کو آن لائن تعلیم، ڈیجیٹل تعلیمی مواد اور جدید سافٹ ویئر تک بہتر رسائی حاصل ہو سکے گی۔ منصوبے کے تحت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلبہ بھی مستفید ہوں گے۔رانا مشہود نے بتایا کہ یہ منصوبہ اسکولوں، کالجوں اور جامعات کے طلبہ کے لیے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے اور طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کیا جا سکے۔ کروم بکس ٹی آئی ایف فانڈیشن لاہور کے تعاون سے فراہم کیے جائیں گے۔وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین نے مزید کہا کہ آلات کی تقسیم مرحلہ وار اور شفاف طریقے سے کی جائے گی، جبکہ ایک قومی مانیٹرنگ نظام بھی متعارف کرایا جائے گا تاکہ کروم بکس کے موثر استعمال اور تعلیمی نتائج کا جائزہ لیا جا سکے۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان تعلیمی فرق کو کم کرنے میں مدد دیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں