جرائم کو کنٹرول کرنا پولیس کی محنت اور مربوط ٹیم ورک کا نتیجہ ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ عبادت نثار نے کہا ہے کہ معاشرے کے اندر میڈیا کا کردار نہایت موثر اور ذمہ دارانہ ہے، میڈیا عوام کو انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ میڈیا اور پولیس کے درمیان ہمیشہ مثبت اور تعمیری تعلق رہا ہے، تاہم چونکہ انسان خطا کا پتلا ہے اس لیے کمی کوتاہی یا غلطی ہو سکتی ہے، جس کی نشاندہی کرنا صحافت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میٹ دی پریس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈی پی او عبادت نثار نے کہا کہ خبر کی آڑ میں کسی کے خلاف بلاجواز کارروائی نہیں کی جا رہی، صحافیوں کے تمام جائز کاموں کو سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے صحافی برادری کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ جرائم کو کنٹرول کرنے کا کریڈٹ وہ اکیلے نہیں لینا چاہتے بلکہ یہ پوری پولیس ٹیم کی محنت اور مربوط ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ دو سال کے عرصے میں ضلع میں جرائم کی شرح میں واضح فرق آیا ہے، جس کی بنیادی وجہ مضبوط ٹیم ورک، بہتر حکمت عملی اور مثر نگرانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات میں موٹر سائیکل سوار کی جان بچانے کے لیے ہیلمٹ پہننا محض قانون نہیں بلکہ ایک مہم ہے، جس کا مقصد قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ہے۔ عوام کو چاہیے کہ وہ اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔ ڈی پی او عبادت نثار نے مزید بتایا کہ ضلع میں سب سے زیادہ وارداتیں موٹر سائیکل چوری کی رپورٹ ہو رہی ہیں، جس کی بڑی وجہ روزمرہ زندگی میں موٹر سائیکل کا زیادہ استعمال ہے۔ موٹر سائیکل چوری کی روک تھام کے لیے مختلف کمپنیوں سے رابطہ کر کے موٹر سائیکلوں میں ٹریکر لگوانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں