اسلام آباد(بیورو چیف)فاقی حکومت نے 11ویں نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے سلسلے میں مختلف امور پر غور کے لیے 8 اہم ورکنگ گروپس قائم کر دیئے۔ذرائع کے مطابق این ایف سی سے متعلقہ معاملات کو موثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے یہ ورکنگ گروپس اپنی اپنی ذمہ داریوں کے دائرہ کار میں سفارشات تیار کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی دائرہ اختیار سے متعلق اخراجات پر سفارشات کے لیے قائم ورکنگ گروپ کی سربراہی وزیر خزانہ پنجاب کریں گے، مرکز اور صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم کے تناسب پر غور کے لیے ایک الگ ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے جس کی قیادت وزیر خزانہ بلوچستان کے سپرد کی گئی ہے۔قومی قرضوں کی ساخت اور اس کے استعمال پر بھی ایک خصوصی ورکنگ گروپ بنایا گیا ہے جبکہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب کو بہتر بنانے کے لیے قائم ورکنگ گروپ کی سربراہی وزیر خزانہ خیبرپختونخوا کریں گے۔صوبوں کو وسائل کی براہ راست منتقلی سے متعلق ورکنگ گروپ وزیر خزانہ سندھ کی قیادت میں کام کرے گا، اسی طرح سابق فاٹا کے انضمام اور این ایف سی شیئر کے حوالے سے ساتواں ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے، قابل تقسیم پول کی ساخت پر غور کے لیے قائم ورکنگ گروپ کی سربراہی وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کریں گے۔




