سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان سے محکمہ آثارِ قدیمہ پنجاب کے انجینئر محمد فصیح گیلانی کی قیادت میں ٹیکنیکل ٹیم نے دفتر میں ملاقات کی اور بھیرہ شہر کی تاریخی اہمیت کی بحالی کے لیے جاری منصوبے پر اب تک ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن اور اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ عشنہ طاہر بھی موجود تھیں۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ بھیرہ میں چار بڑے تاریخی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں میں شیر شاہ مسجد کی اصل حالت میں بحالی، لاہوری گیٹ اور کشمیری گیٹ کی قدیم طرز پر مرمت، باولی مندر اور تاریخی ریلوے اسٹیشن بھیرہ کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنا شامل ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہوری گیٹ کا تقریباً 50 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ کشمیری گیٹ پر کام جاری ہے۔ دونوں گیٹس کی بحالی کا کام آئندہ چار ماہ میں مکمل ہونیکی توقع ہے۔




