ورلڈ بنک کا پاکستان کیلئے1.35ارب ڈالر فراہمی کا اعلان

اسلام آباد(بیوروچیف) ورلڈ بینک نے پاکستان کیلئے 1.35 ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرنیکا اعلان کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ معاونت ایم پی اے پروگرام کے تحت دی جائے گی جس کا مقصد پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانا اور اہم ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں مدد فراہم کرنا ہے۔ورلڈ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستا ن کو درپیش معاشی چیلنجز، بڑھتے ہوئے مالی دبائو اور ترقیاتی ضروریات کے پیش نظر یہ مالی پیکیج انتہائی اہمیت کا حامل ہے، فراہم کی جانے والی رقم سے حکومتی اصلاحاتی اقدامات کو تقویت ملے گی اور پائیدار اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ورلڈ بینک حکام کا مزید کہنا ہے کہ ایم پی اے پروگرام کے تحت دی جانے والی یہ معاونت مختلف شعبوں میں استعمال کی جائے گی۔دوسری جانب ماہرین معاشیات کا کہنا ہے ورلڈ بینک کی یہ مالی معاونت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر، مالی خسارے اور مہنگائی جیسے مسائل کا سامنا ہے، عالمی مالیاتی اداروں کی مدد سے نہ صرف سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گا بلکہ حکومت کو اصلاحاتی ایجنڈا آگے بڑھانے میں بھی سہولت ملے گی۔حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان طویل عرصے سے شراکت داری قائم ہے اور ماضی میں بھی مختلف منصوبوں کیلئے مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کی جاتی رہی ہے، موجودہ پیکیج کو اسی تسلسل کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے جس سے ملک میں ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں