ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی صحت کے وژن کے تحت ضلعی انتظامیہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں صحت کے شعبے میں عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح کی زیر صدارت ڈسٹر کٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی اور بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف ندیم، ڈی ایچ او ڈاکٹر فیضان ارشد اور متعلقہ محکموں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں ضلع میں انسداد ڈینگی مہم اور بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی مہم کے اقدامات کو مزید مثر بنانے کی ہدایات جاری کیں، جن میں گھروں، جوہڑوں، تالابوں، نرسریوں اور قبرستانوں کی مسلسل نگرانی، کباڑ شاپس اور سروس اسٹیشنز کی باقاعدہ چیکنگ، اور زیر تعمیر عمارتوں و دیگر ہاٹ اسپاٹس کی سخت نگرانی شامل ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح نے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کے بروقت کورس سے صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن ہوتی ہے اور بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کی مثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔




