پنجاب حکومت کا صوبے میں تیل کے ذخائر کی تلاش کیلئے بڑا فیصلہ

لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت کا صوبے میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کیلئے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق صوبے میں تیل و گیس کی تلاش کے حقوق پنجاب گرڈ انرجی کمپنی کو دینے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گارملہ آئل اینڈ گیس بلاک بغیر بولی کے پنجاب انرجی ہولڈنگ کمپنی کے حوالے کیا جائے گا۔ پوٹھوہار ریجن میں واقع یہ بلاک تقریبا 1500 مربع کلومیٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے، جہاں 45ملین بیرل تیل کے ذخائر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ماہرین کے مطابق گارملہ بلاک میں تیل و گیس کی دریافت کے امکانات 23فیصد ہیں، جبکہ اس منصوبے پر 35سے 45 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ منصوبے میں پنجاب گرڈ انرجی کمپنی 51فیصد شیئر اپنے پاس رکھے گی، جبکہ باقی 49فیصد شیئر پبلک سیکٹر جوائنٹ وینچر پارٹنر کو دیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق اس تیل و گیس منصوبے سے نہ صرف توانائی کے شعبے میں خود انحصاری کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور مقامی سطح پر ترقی کا عمل تیز ہو گا۔واضح رہے کہ گارملہ بلاک راولپنڈی، چکوال اور جہلم کے اضلاع پر مشتمل ہے، جہاں پہلے سے بھی کئی فعال آئل فیلڈز موجود ہیں، جس سے اس منصوبے کی کامیابی کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں