منڈی صادق گنج(نامہ نگار)شہر گردو نواح اور دیگر اضلاع کو جانیوالی پبلک ٹرانسپورٹ میں غیر قانونی اور من مانے کرایوں کی وصولی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جسکے باعث روزانہ سفر کرنیوا لے محنت کش طبقے ، طلبہ اور ملازمین شدید مشکلات کا شکار ہیں مہنگائی کے ستائے شہریوں کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ بھی مزید بوجھ بنتی جا رہی ہے مسافروں نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی جانب سے 15دسمبر کو ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے احکامات جاری کیے گئے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں کسی قسم کی کمی نہیں کی گئی بلکہ الٹا سرکاری کرائے نامے سے کہیں زیادہ کرایہ وصول کیا جا رہا ہے ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود بسوں، ویگنوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں مقررہ کرایوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے شہریوں نے بتایا کہ مختصر فاصلے کے لیے بھی اضافی کرایہ وصول کیا جا رہا ہے جبکہ بیشتر گاڑیوں میں سرکاری کرایہ نامے آویزاں ہی نہیں کیے گئے مسافروں کے مطابق جب زائد کرایہ وصولی پر احتجاج کیا جاتا ہے تو بعض ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز بدتمیزی اور دھمکی آمیز رویہ اختیار کرتے ہیں عوامی اور سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر سختی سے عملدرآمد کروائیں ۔




