سرگودہا (بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیرِ صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سرگودہا شہر میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت سرگرمیوں، واسا، ہارٹیکلچر اتھارٹی اور میونسپل کارپوریشن کے جاری اقدامات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے سرگودہا شہر میں ستھرا پنجاب سرگرمیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سی ای او کمپنی کو صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر سی ای او رانا شاہد عمران نے بتایا کہ شہر میں صفائی کے ذمہ دار کنٹریکٹر کو کنٹریکٹ کی شرائط کے تحت دوسرا شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ اگر بہتری نہ آئی تو تیسرا نوٹس جاری کر کے کنٹریکٹ ختم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تحصیل مینیجر اور اسسٹنٹ تحصیل مینیجر کو بھی مانیٹرنگ بہتر بنانے کے حوالے سے وارننگ لیٹر جاری کیے گئے ہیں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف بھی تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کمشنر سرگودہا نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہر کا باقاعدہ دورہ کریں، جہاں کہیں بھی خامی نظر آئے فوری طور پر سی ای او کو آگاہ کریں تاکہ بروقت بہتری اور متعلقہ سپروائزر یا فیلڈ اسٹاف کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ سی ای او نے مزید بتایا کہ کنٹریکٹر پر روزانہ کی بنیاد پر بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں اور تحصیل سرگودہا میں صفائی کے لیے ریسورسز میں اضافہ بھی کروایا گیا ہے۔اجلاس میں ایم ڈی ہارٹیکچر اتھارٹی محمد ارشد نے بتایا کہ بلاک نمبر 23 کے پارک کی بحالی کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے جبکہ ایکس بلاک نیو سیٹلائٹ ٹاؤن کے پارک کی بحالی بھی آخری مراحل میں ہے۔ ٹریک مکمل کر لیا گیا ہے، کینوپیز نصب کی جا چکی ہیں، بینچز رکھ دیے گئے ہیں، چاروں اطراف باڑ لگائی جا رہی ہے اور لائٹس کی تنصیب بھی جاری ہے۔ انہوں نے دیگر جاری پارک بحالی منصوبوں سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔




