پنجاب پولیس اپنے شہدا کے اہلخانہ کو چھت کی فراہمی کیلئے پرعزم

لاہور(بیورو چیف)پنجاب پولیس اپنے شہداء کے اہلخانہ کو رہائش کی فراہمی کے مشن پر عمل پیرا ہے۔ فرض کی راہ میں جامِ شہادت نوش کرنے والے شہید کانسٹیبل راجا کنول کے اہلخانہ کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر فراہم کر دیا گیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ شہید کے اہلخانہ کی پسند کے مطابق رحیم یار خان کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں یہ گھر خرید کر دیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے لیے گھر کی فراہمی کے فنڈز جاری کیے۔ یاد رہے کہ شہید کانسٹیبل راجا کنول نے 2024ء میں کچہ کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید کانسٹیبل راجا کنول کے اہلخانہ میں اہلیہ اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل راجا کنول کی لازوال قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ راجا کنول نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر فرائض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزند کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس، شہید کانسٹیبل راجا کنول جیسے 1700 سے زائد شہداء کی امین فورس ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں