فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ماہرین نے ملک میں بیجوں کی درآمد میں کمی اور برآمدات پر مبنی بیجوں کی صنعت کی جانب منتقلی کے لیے بیج کے شعبے میں اصلاحا ت پر زور دیا ہے تاکہ بڑی مقدار میں تصدیق شدہ بیج تیار کر کے غذائی استحکام کے اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے نیشنل سیڈ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انٹرنیشنل سیڈ ٹیسٹنگ ایسوسی ایشن کے قواعد و ضوابط کے مطابق بیجوں کی جانچ کے پروٹوکولز پر مبنی ایک خصوصی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا گیا۔ سائنٹیفک ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد تحسین اظہر نے کہا کہ بیجوں کے معیار کے تعین میں بین الاقوامی معیار اپنانا فصلوں کی پیداوار میں بہتری اور زرعی برآمدات کی عالمی سطح پر مسابقت کو یقینی بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔




