ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شہر گوجرہ کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کے لیے انتظا میہ متحرک ہو گئی ہے۔ ڈپٹین کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ کی ہدایت پر میونسپل کمیٹی گوجرہ نے شہر میں غیر قانونی پوسٹرز، بینرز، فلیکس اور وال چاکنگ کیخلاف بھرپور مہم کا آغاز کر دیا ہے۔اس حوالے سے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گوجرہ سید یاسر علی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور اپنی نگرانی میں دیواروں پر لگے پوسٹرز، فلیکس اور وال چاکنگ کا خاتمہ کروایا۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ شہر کی خوبصورتی خراب کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔سی او ایم سی سید یاسر علی نے بتایا کہ مہم کے لیے مکمل حکمتِ عملی تیار کر لی گئی ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ پوسٹرز لگانے اور بنانے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مہم کا ہدف ایک ہفتے کے اندر اندر شہر گوجرہ کو پوسٹرز اور بینرز سے مکمل طور پر پاک کرنا ہے۔




