فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق فیصل آباد بیوٹیفکیشن منصوبہ کے تحت ڈویژنل انتظامیہ کے اقدامات’ کینال روڈ رات کے وقت رنگارنگ روشنیوں سے جگمگا اُٹھا جبکہ باغ جناح سرینا ہوٹل روڈ کے درختوں پر رنگ برنگے برقی قمقموں نے ماحول کو دلکش بنا دیا۔ شہری حلقوں کی جانب سے کینال روڈ پر سفر کرنے والوں نے خوبصورت اقدام کو خوب سراہا۔ تفصیل کے مطابق کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر کی ہدایت پر بیوٹیفکیشن منصوبہ کے تحت شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے مختلف منصوبوں پر عمل جاری ہے اور ایکسپریس وے پر عبداﷲ پور سے ایک کلومیٹر کینال روڈ پر فٹ پاتھ کی درستگی کیساتھ ساتھ نہر کے کنارے لگے درختوں پر خوبصورت رنگ برنگی شاندار لائٹس لگا دی گئیں جس کے باعث رات کے وقت کینال روڈ خوبصورت روشنیوں سے جگمگا اُٹھا اور سفر کرنے والے اس خوبصورت ودلکش ماحول سے محظوظ ہوتے رہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق کینال روڈ پر نہر میں فلوٹس بھی چھوڑے جائیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ باغ جناح سرینا روڈ پر درختوں اور گرین بیلٹس میں برقی قمقمے لگا دیئے جو کہ دل فریب منظر پیش کر رہے ہیں۔ ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور کا کہنا ہے کہ بیوٹیفکیشن منصوبے کے تحت شہر کی دیگر شاہراہوں پر بھی اس طرز کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ شہریوں کو خوشگوار ماحول میسر آئے۔




