مکوآنہ (نامہ نگار) مکوآنہ خانوآنہ روڈ بائی پاس چوک کے قریب سڑک کے درمیان محکمہ ہائی وے کی جانب سے بنایا گیا ڈیوائیڈر شہریوں کیلئے پریشانی اور حادثات کا باعث بننے لگا، ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر متعدد قیمتی گاڑیاں تباہ ہو چکی ہیں، جبکہ عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام کی مبینہ غفلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مکوآنہ بائی پاس چوک کے قریب سڑک کے درمیان بنایا گیا ڈیوائیڈر مبینہ طور پر مناسب حفاظتی انتظامات اور واضح نشانات نہ ہونے کے باعث حادثات کا سبب بن رہا ہے۔ اس مقام پر گاڑیوں کے ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں، جنکے نتیجے میں کئی قیمتی گاڑیو ں کو نقصان پہنچا ہے اور شہریوں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔علاقہ مکینوں اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سڑک کے درمیان موجود ڈیوائیڈر کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوتی ہے، جبکہ رات کے اوقات میں مناسب روشنی اور نمایاں حفاظتی نشانات نہ ہونے کی صورت میں حادثات کا خدشہ مزید بڑھ جاتا ہے۔ شہریوں کے مطابق اس مسئلے کے حل کے لیے متعلقہ محکمے کی جانب سے فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔ عوامی حلقوں نے اعلی حکام، محکمہ ہائی وے اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مکوآنہ بائی پاس چوک کے قریب قائم ڈیوائیڈر کا فوری معائنہ کیا جائے اور اسے ختم کرنے یا محفوظ بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ شہریوں نے اپیل کی ہے کہ کسی بڑے جانی نقصان سے پہلے اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ مسافروں اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔




