اسلام آباد (بیوروچیف) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے آڈٹ رپورٹس میں شفافیت بڑھانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھا لیا ہے۔ اس سلسلے میں آڈیٹرز رپورٹنگ قوانین میں باقاعدہ ترمیم کر دی گئی ہے۔ایس ای سی پی کے مطابق اب آڈیٹرز کو آڈٹ رپورٹ کے ساتھ یونیک آئی ڈی نمبر دینا لازمی ہوگا۔ یہ یونیک آئی ڈی نمبر انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکانٹنٹس آف پاکستان (آئی سی اے پی) یا انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکانٹنٹس آف پاکستان (آئی سی ایم اے پاکستان) کے پورٹل سے حاصل کیا جائے گا۔حکام کے مطابق یہ ترمیم کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت آڈیٹرز ریگولیشنز 2018میں کی گئی ہے ۔ نئے نظام کے نفاذ سے عوام اور سرمایہ کاروں کو کمپنیوں کے مالی حسابات پر زیادہ اعتماد حاصل ہوگا۔




