جڑانوالہ(نامہ نگار) ایف بی آر کو 200 ملین کے شورٹی بانڈز کی گارنٹی دینے پر طارق کارپوریشن لمیٹڈ جڑانوالہ کو دوبارہ کھول دیا گیا، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وفاقی خفیہ ایجنسی کی رپورٹ پر (ایف بی آر)کی اعلی سطحی ٹیم نے ریکارڈ میں مبینہ طور پر ہیر پھیر اور ٹیکس چوری کے شبہ میں حسین شوگر ملز(طارق کارپوریشن لمیٹڈ) کو سیل کر دیا تھا جس پر طارق کارپوریشن لمیٹڈ جڑانوالہ کے مالکان نے(ایف بی آر) کی اعلیٰ سطحی ٹیم کے ساتھ لاہور میں مذاکرات کئے اور(ایف بی آر)کو 200ملین کے شورٹی بانڈز گارنٹی کے طور پر جمع کروائے اور یقین داہانی کروائی کہ شوگر ملز کے سٹاک اور ریکارڈ کو بہتر انداز میں چلایا جائیگا 200ملین کے شورٹی بانڈز کی گارنٹی دینے پر ایف بی آر کی ٹیم نے سیل شدہ طارق کارپوریشن لمیٹڈ جڑانوالہ کو دوبارہ کھول دیا ہے کسانوں کاشتکاروں نے ایف بی آر کے اقدام کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے جبکہ حسین شوگر ملز مالکان نے کسانوں کاشتکاروں سے گنے کی خریداری بھی شروع کر دی ہے۔




