راولپنڈی (بیوروچیف)وفاقی وزیر ریلو ے محمد حنیف عباسی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن میں ریلوے اراضی سے غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کیلیے مؤثر اور بھرپور کارروائیاں کی گئی ہیں اس سلسلے میں پاکستان ریلوے اور ریلوے پولیس نے مشتر کہ طور پر یکم جنوری 2026 سے انسدادِ تجاوزات کی مزید مؤثر مہم کا آغاز کیا، جس کے تحت راولپنڈی ڈویژن کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی قابضین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔کارروائی کے دوران ریلوے اراضی پر قائم پختہ تعمیر شدہ کمرشل دکانوں کی شکل میں موجود تجاوزات کیخلاف سخت اقدامات کیے گئے، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 11 کمرشل دکانوں کو مکمل یا جزوی طور پر مسمار کر دیا گیا۔ تاہم انسانی ہمدردی کے پیش نظر چند رہائشی و کمرشل حصوں کو، جہاں خاندان رہائش پذیر تھے، مکمل طور پر منہدم نہیں کیا گیا۔انسدادِ تجاوزات آپریشن کے نتیجے میں مجموعی طور پر 3509 مربع فٹ قیمتی ریلوے اراضی واگزار کرائی گئی، جس کی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے ۔ پاکستان ریلوے اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ قومی اثاثوں کے تحفظ، ریلوے اراضی کے مؤثر استعما ل اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔اس آپریشن کی نگرانی ڈویڑنل انجینئر پاکستان ریلوے راولپنڈی، ڈپٹی ڈائریکٹر پراپر ٹی اینڈ لینڈ اور ایس پی ریلوے پولیس راولپنڈی نے کی۔




