ٹوبہ ٹیک سنگھ کی خوبصورتی کے لئے کوششیں تیز

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شہر کی خوبصورتی اور عوامی سہولیات میں بہتری کے اقدامات تسلسل کیساتھ جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں جنرل بس اسٹینڈ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ری ویمپنگ کے جاری کاموں کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے جنرل بس اسٹینڈ کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ ولید عثمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس اسٹینڈ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ولید عثمان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنرل بس اسٹینڈ میں مسافروں کے لیے ویٹنگ ایریا کو بہتر بنایا جا رہا ہے جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر بھی ترقیاتی کام جاری ہیں۔ اس کے علاوہ جنرل بس اسٹینڈ میں وال آرٹ، شجرکاری اور خوبصورتی کے دیگر اقدامات کیے جائیں گے۔ مسافروں کی سہولت کے لیے واش رومز کی صفائی، پانی کی فراہمی اور مجموعی حالت کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں، معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور صفائی و انتظامات کو روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں اور مسافروں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں