جڑانوالہ(صابر گھمن)تجاوزات کے خاتمہ کے1سال بعد بھی جڑانوالہ کے مین بازار وں میں بیوٹیفکیشن پلان کے تحت ترقیاتی منصوبہ جات شروع نہ ہو سکے،مذکورہ بازاروں کی تباہ شدہ حالت کے باعث کاروباری سرگرمیاں محدود ہو کر رہ گئی،تاجروں و شہریوں کا وزیر اعلی پنجاب، کمشنر ، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سے اس گھمبیر صورتحال کا فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت صوبہ بھر کی طرح جڑانوا لہ میں بھی تحصیل انتظامیہ کی جانب سے تاریخی شہر جڑانوالہ کے اندرون بازاروں تجارتی مراکز ریل بازار،چار بتی چوک،منڈی بازار،ڈاکخانہ بازار،نیا بازار،سرکلر روڈ، احسن روڈ،لنڈا بازار، جامع مسجد بازار اور لکڑ منڈی چوک میں 74سال قائم پختہ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے گرینڈ آپریشن شروع کیا گیا تھا اور کامیابی سے پاپہ تکمیل تک پہنچایا گیا تجاوزات آپریشن کے دوران تاجر برادری نے اپنی مدد آپ کے تحت دکانوں شاپنگ مالز مارکیٹو ں میں قائم پختہ تعمیرات و تجاوزات کو ختم کر دیا تھا۔




