سرگودھا (بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے مستقل اور مؤثر حل کے لیے ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی سربراہی میں ایک ورکنگ گرو پ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ کمشنر نے ورکنگ گروپ سے ایک ہفتے کے اندر قابلِ عمل سفارشا ت اور جامع پروپوزل طلب کر لیا ہے۔ یہ ہدایات کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت سٹی ایریا میں ٹریفک مسائل، پارکنگ اور شہری سہولیات سے متعلق منعقدہ اجلاس میں دی گئیں۔ اجلاس میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، پارکنگ سائیٹس کی نشاندہی اور متبادل پارکنگ کے امکانات پر مختلف تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ ورکنگ گروپ میں ٹریفک پولیس، ہائی ویز ، میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو شامل کیا جائے تاکہ زمینی حقائق کے مطابق قابلِ عمل حل سامنے لائے جا سکیں۔اجلاس میں ایکسین ہائی ویز نے کمشنر کی ہدایت پر شہر کے تینوں اہم فلائی اوورز، کچہری روڈ، خیام چوک اور اسلام پورہ فلائی اوور کی تزئین و آرائش اور موجودہ ضروریات کے مطابق بہتری کے لیے تیار کردہ تخمینوں اور سفارشات کی تفصیلات پیش کیں۔ کمشنر سرگودھا نے شہر میں خواتین کیلئے مخصوص سہولیات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے ہارٹیکچر اتھارٹی کو پارک کے قیام کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔ اسی طرح سی او میونسپل کارپوریشن کو بازاروں میں خریداری کیلئے آنیوالی خواتین کے نماز کی ادائیگی کے لیے علیحدہ مناسب جگہ کی نشاندہی کرنیکی ہدایت بھی کی گئی۔ اجلاس میں ایم ڈی واسا نے سرگودھا سٹی میں جاری سیوریج کے میگا پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر نے شہر میں پبلک ہیلتھ کی جانب سے مکمل ہونے والی واٹر سپلائی سکیم کو واسا کے تعاون سے مکمل طور پر فنکشنل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ سی او ایم سی نے انسداد تجاوزات، ریڑھی بازاروں کے انتظام اور دیگر جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، سی او میونسپل کارپوریشن ماجد بن احمد، ایم ڈی واسا ابوبکر عمر، ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی محمد ارشد، ایکسین ہائی ویز ملک گلفام اعوان، ایم او آر، ایم او سروسز اور ٹریفک پولیس اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران نے شرکت کی۔




