رفیقی چوک سےPSOپٹرول پمپ تک سیوریج نالے پر بنا فٹ پاتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار

شورکوٹ چھاؤنی (نامہ نگار)رفیقی چوک سے پی ایس او پٹرول پمپ تک سیوریج نالے پر بنا فٹ پاتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار، حادثات کا خدشہ۔رفیقی چوک شورکوٹ سٹی روڈ سے پی ایس او پٹرول پمپ تک سیوریج نالے کے اوپر بنایا گیا فٹ پاتھ شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے، جس کے باعث پیدل چلنے والے شہریوں کو شدید مشکلات اور خطرات کا سامنا ہے۔ فٹ پاتھ کے مختلف حصے بیٹھ چکے ہیں جبکہ کئی جگہوں پر سیمنٹ کی سلیب ٹوٹنے سے نالہ نمایاں ہو گیا ہے۔مقامی شہریوں کے مطابق فٹ پاتھ کی خراب حالت کی وجہ سے لوگ مجبوراً سڑک پر چلتے ہیں، جہاں تیز رفتار ٹریفک کے باعث حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ بزرگ شہری، سکول اور کالج جانے والے طلبہ اور خواتین سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ بارش کے دوران صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے کیونکہ ٹوٹے ہوئے حصوں میں پانی بھر جانے سے نالے کا اندازہ نہیں ہو پاتا۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سیو ریج نالے پر بنے فٹ پاتھ کی مرمت نہ ہونے کی وجہ سے کسی بڑے حادثے کا خدشہ ہے، لیکن کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر اقدام نظر نہیں آ رہا۔ شہریوں نے نشاندہی کی کہ بعض مقامات پر حفاظتی سلاخیں اور ڈھکن بھی غائب ہیں، جو مزید خطرے کا باعث بن رہے ہیں۔شہریوں اور دکانداروں نے ایگزیکٹو آفیسر کنٹونمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ فٹ پاتھ کی فوری مرمت کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں