قرآن حکیم خیر کا سرچشمہ اور نبی پاکۖ کا عظیم معجزہ ہے،مولانا زاہد محمود قاسمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مرکزی جامع مسجد گول فیصل آباد میں نماز فجر کے بعد6ویں تکمیل درس قرآن کی تقریب۔ چیئرمین مرکزی علما کونسل پاکستان صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے آخری دوسورتوں معوذتین کا درس دیا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن حکیم خیر کا سرچشمہ ہے اور نبی پاکۖ کا عظیم معجزہ ہے۔ قرآن حکیم اتباع شریعت پر زور دیتا اور اتباع خواہشات و بدعات کی مذمت کرتا ہے۔اس معاشرے میں بہترین وہ لوگ ہیں جو قرآن مجید سیکھیں اور دوسروں کو سیکھائیں۔ قرآن کریم اللہ پاک کا کلام ہے۔قیامت تک آنے والے انس و جن کی رہنمائی کیلئے آخری نبی حضور اکرمۖ پر وحی کے ذریعے نازل کیا گیا۔قرآن کریم لوح محفوظ میں ہمیشہ سے ہے۔ قرآن کریم کی حفاظت کیلئے حضور اکرمۖ نے قرآن کریم کو لکھوانے کا بھی خاص اہتمام فرمایا۔یہ مقدس کتاب حضور پاکۖ کے زمانہ سے لے کر رہتی دنیا تک مشعل راہ بنی رہے گی کیونکہ اللہ تعالی نے اس کتاب کو اتنا جامع اور معنی بنایا ہے کہ ایمانیات، عبادات، معاملات، سماجیات،معاشیات و اقتصادیات کے اصول قرآن کریم میں مذکور ہیں۔اہل اسلام اپنی نسلوں کا تعلق و شغف قرآن و حدیث سے جوڑیں اور اس کی تلاوت کا اہتمام کریں۔ علما کی سرپرستی میں قرآن و حدیث کے احکام سمجھ کر ان پر عمل کریں۔عوام الناس اپنی اولادوں کو عصری تعلیم کے ساتھ قرآن کریم ناظرہ کی بھی تعلیم لازمی دلوائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں