ازبکستان پاکستان میں مشترکہ منصوبے شروع کرنا چاہتا ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ازبکستان پاکستان کے سرمایہ کاروں اور ماہرین سے مل کر ٹیکسٹائل، چمڑے اور ٹریکٹر سازی سمیت دیگر شعبوں میں ویلیو ایڈیشن کیلئے مشترکہ منصوبے شروع کرنا چاہتا ہے۔ یہ بات ازبکستان کے ہیڈ آف ڈیلی گیشن وزارت سرمایہ کاری منہاج الدین روئوف نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ٹیکسٹائل کے شعبہ میں فیصل آباد کی ترقی کو سراہا اور کہا کہ ازبکستان کے تاجر پہلے ہی پاکستان سے رابطے میں ہیں جبکہ پاکستان ازبکستان سے یارن بھی خرید رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس شعبے کی ترقی کیلئے مشترکہ منصوبے شروع کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری ازبکستان کو سستے قرض دے رہی ہے جبکہ وہاں سستی بجلی اور گیس سمیت خام مال بھی وافر مقدار میں دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کار وہاں مشترکہ منصوبے شروع کر کے ان سہولتوں سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ فاضل پیداوار دیگر وسط ایشیائی ریاستوں کو بھی برآمد کر سکیں گے۔ محترمہ دلو روم عبداللہ ایوا نے کہا کہ ان کے ملک میں چمڑے کی وافر مقدار موجود ہے مگر وہ جوتے اور ہینڈ بیگ بنانا چاہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں