PDF فائلز کیلئے AI فیچر متعارف

نیویارک ( مانیٹرنگ ڈیسک )ایڈوبی نے اپنی پی ڈی ایف فائلز کے لیے نئے اے آئی فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن کی مدد سے اب پی ڈی ایف فائلز سنی بھی جاسکیں گی۔ ایڈوبی ایکروبیٹ اور ایڈوبی ایکسپریس میں شامل ان فیچرز کا مقصد کام کو تیز اور آسان بنانا ہے۔نئے اپ ڈیٹ کے تحت صارفین اب پی ڈی ایف فائل سے آڈیو پوڈکاسٹ بنا سکتے ہیں۔ یعنی جو تحریر پی ڈی ایف میں موجود ہو، وہ خود بخود آواز میں تبدیل ہوجائے گی، جسے چلتے پھرتے بھی سنا جا سکتا ہے۔ یہ سہولت خاص طور پر طلبہ، اساتذہ، دفتری افراد اور کانٹینٹ بنانے والوں کے لیے مفید ہے۔ایڈوبی نے ایک اور نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے پی ڈی ایف یا دیگر دستاویزات سے خودکار پریزنٹیشن بنائی جا سکتی ہے۔ صارف مالی رپورٹس، پروڈکٹ ڈاکومنٹس، تحقیقی مواد یا ویب پیجز اپ لوڈ کرے گا، جس کے بعد اے آئی خود اہم نکات نکال کر مکمل پریزنٹیشن تیار کردے گی۔اے آئی پہلے پریزنٹیشن کا خاکہ بناتا ہے، پھر صارف کی پسند کے مطابق اس کا انداز، لمبائی اور ڈیزائن تیار کرتا ہے۔ بعد ازاں صارف اس میں تحریر، تصاویر، فونٹس، رنگ اور اینیمیشنز بھی اپنی مرضی سے تبدیل کرسکتا ہے۔اس کے علاوہ اب پی ڈی ایف میں تبدیلی کے لیے مشکل ایڈیٹنگ کی ضرورت بھی نہیں رہی۔ صارف سادہ زبان میں اے آئی کو بتا سکتا ہے کہ کیا بدلنا ہے، جیسے تحریر مختصر کرنی ہو، دوبارہ لکھنی ہو یا فارمیٹنگ درست کرنی ہو۔ایڈوبی کا کہنا ہے کہ ان تمام فیچرز کا مقصد یہ ہے کہ پی ڈی ایف فائلز صرف پڑھنے کی چیز نہ رہیں بلکہ سننے، سمجھنے اور دوبارہ استعمال کرنے میں بھی آسان ہو جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں