8

ترقیاتی سکیموں کی سائٹس پر تمام تر حفاظتی اقدامات مکمل کئے جائیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے خبردار کیا ہے کہ تمام تر حفاظتی اقدامات مکمل ہونے تک تعمیراتی سائٹس پرکام شروع نہیں ہوگا، کسی پرائیویٹ ہائوسنگ کالونی میں مین ہول مسنگ ہوا تو اسے سیل کر کے این او سی منسوخ کر دیا جائے گا۔ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی سکیموں کی سائٹس پر تمام تر حفاظتی اقدامات مکمل کئے جائیں جتنی کھدائی کی جائے اتنی جگہ پر پائپ لائن بچھائی جائے اور بیک فلنگ کر کے مکمل کیا جائے جبکہ اس کے بعد اس سے اگلے حصے کی کھدائی کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی سکیموں کی سائٹس پر رات کے وقت بھی کنٹریکٹر اور متعلقہ ڈائریکٹر کے نمائندے موجود ہونے چاہئیں۔ اسی طرح کھدائی اور پائپ لائن بچھانے کے دوران متعلقہ ایریا کو کسی بھی آمدورفت کے لئے بند کر دیا جائے۔ایم ڈی واسانے مزید کہا کہ تمام پرائیویٹ ہائوسنگ کالونیوں کے مین گیٹس پر نوٹسز آویزاں کئے جائیں کہ کالونی کے اندر کسی بھی مین ہول کا کور مسنگ ہوا تو کالونی کو سربمہر کر کے این او سی منسوخ کر دیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ کالونی کی انتظامیہ پر عائد ہو گی۔ انہوں نے آپریشنز ڈائریکٹوریٹ افسران اور سٹاف کو تاکید کی کہ ان کے متعلقہ ایریاز میں کوئی مین ہول مسنگ نہیں ہونا چاہیے اور اس کا تصدیقی سرٹیفکیٹ جمع کروایا جائے جبکہ ان احکامات کی خلاف ورزی پر متعلقہ آفیسر اور سٹاف کو معطل کر کے سخت ایکشن لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں